اسلام آباد کے بعد پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ بھی ملتوی ہونے کا امکان

لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لاہور جلسہ بھی ملتوی ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے لاہور میں 27 اگست کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو تاحال جلسے کیلئے باضابطہ اجازت نہیں مل ، پارٹی رہنماؤں میں اختلافات کے باعث جلسے کی تیاریاں بھی نہیں ہوسکیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈپٹی کمشنرلاہور کو پانچویں درخواست جمع کرا دی گئی، پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر اکمل خان باری نے درخواست ڈی سی آفس جمع کرائی۔

اکمل خان باری نے الزام عائد کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کے احکاماتِ کے باوجود تاحال جلسہ گاہ کی جگہ بارے آگاہ نہیں کیا جا رہا، ڈی سی لاہور کو عدالتی آرڈر کی کاپی بھی جمع کرائی گئی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی خرم کھوسہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہم نے جلسہ ملتوی نہیں کیا لیکن انتظامیہ تاحال جلسے کیلئے جگہ مختص نہیں کر رہی، ہمیں جلو کی طرف سے جگہ دینے کا کہا گیا مگر عمل نہیں کیا جا رہا۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں