وزیر اعظم کی بیرونی تجارت میں اضافے پر یو اے ای کی قیادت کو مبارکباد

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی بیرونی تجارت میں اضافے پر یو اے ای قیادت کو مبارکباد دی۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سال کے پہلے حصے میں یو اے ای کی بیرونی تجارت میں گیارہ فیصد اضافے پر شیخ محمد بن زید کو دلی مبارکباد دیتا ہوں، یو اے ای کی بیرونی تجارت 397ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ہدف کا حصول یو اے ای کی تیل کے علاوہ دیگر برآمدات اور بیرونی تجارت میں اضافے کا عکاس ہے، بیرونی تجارت پر زور یو اے ای کی صنعتی نمو، بیرونی معیشتوں کے ساتھ مقابلے میں بہتری کا ضامن رہا ہے۔

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شیخ محمد بن زید کے زیر قیادت یو اے ای قابل بھروسہ عالمی تجارتی شراکت دار بن چکا ہے، ہدف کا حصول یو اے ای کی معیشت میں عالمی اعتماد اور دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بہترین معاشی کارکردگی کا سہرا شیخ محمد بن زید کی قیادت کے سر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں