امریکی صدارتی انتخاب: کملا ہیرس نے مہم کے دوران ریکارڈ رقم جمع کر لی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) صدارتی انتخاب میں امریکی ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے اپنی مہم کے محض ایک ماہ کے عرصے میں 54 کروڑ ڈالر جمع کر لئے۔

خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کملا ہیرس کی مہم کی انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے دوران بڑی تعداد میں عطیات جمع ہوئے ہیں، کملا ہیرس کی مہم کے مینجر جین اومالے ڈیلون نے کہا کہ کنونشن کے ہفتے کے دوران جمع ہونے والے 8 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سمیت 54 کروڑ ڈالر جمع ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اور یہ کملا ہیرس کے حق میں ڈیموکریٹس کے جذبے کا اظہار ہے، اتنے دورانیے میں کسی بھی صدارتی امیدوار کے لئے جمع ہونے والے عطیات کی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔

واضح رہے کہ کملا ہیرس 21 جولائی کو اس وقت ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار بن گئی تھیں جب صدر جوبائیڈن اپنی جماعت کے رہنماؤں کے دباؤ کے باعث دستبردار ہوگئے تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں