ٹوئنکل کھنہ نے بھارتی عورتوں کیلئے مردوں کو بھوتوں سے زیادہ خطرناک قرار دیدیا

نیو دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے کہا کہ بھارت میں خواتین بھوتوں سے زیادہ مردوں سے ڈرتی ہیں۔

بھارتی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے حال ہی میں مصنفہ ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد بھارتی اخبار میں اداکار راج کمار راؤ اور شردھا کپور کی بلاک بسٹر فلم ”اسٹری 2“ پر کالم لکھا۔

ٹوئنکل کھنہ نے بھارتی اخبار کیلئے لکھے گئے اپنے کالم ”بھارتی خواتین کو بھوت کیوں نہیں ڈرا پاتے“ میں اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے بھارت میں ہونے والے کولکتہ ریپ کیس کی جانب عوام کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ہارر فلمیں ان تمام چیزوں سے زیادہ خوفناک نہیں ہیں جو ہم بھارت میں اپنے ارد گرد ہر روز دیکھتے ہیں۔

بھارتی اداکارہ نے اپنے کالم میں کولکتہ کی ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے علاوہ بدلہ پور کے ایک سکول میں چار سالہ دو بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے واقعات کو بھی ہائی لائٹ کیا ہے۔

انہوں نے کالم میں لکھا کہ کاش ہمارا ملک بھی چندیری جیسا ہوجائے جہاں عورتیں آزاد اور مرد ان سے خوفزدہ ہوں کیونکہ اگر ایسا ہوگا تو بھارت میں ہونے والے جنسی درندگی کے واقعات ختم ہوجائیں گے۔

ٹوئنکل کھنہ نے اپنے کالم میں بتایا کہ بھارت میں موجود خواتین اتنی زیادہ غیرمحفوظ ہیں کہ اگر کبھی ایسا ہو کہ ایک جگہ پر بھوت اور جنات ہوں اور دوسری جانب مرد حضرات تو بھارتی خواتین اندھیری گلی میں کسی مرد کے مقابلے میں بھوت کا سامنا کرنا زیادہ محفوظ سمجھیں گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں