پاکستانی عوام کی اکثریت کرپٹ، یہاں کوئی کام میرٹ پر نہیں ہوتا:مریم نفیس

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مریم نفیس نے پاکستانی عوام کی اکثریت کو کرپٹ قرار دے دیا۔

حال ہی میں اداکارہ مریم نفیس ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

پوڈ کاسٹ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نفیس نے کہا کہ میری نظر میں پاکستانی عوام کی اکثریت خود کرپٹ ہے، ہمارے ہاں کوئی کام میرٹ پر نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں صرف سیاسی عدم استحکام ہی نہیں بلکہ اغوا، خواتین کو ہراساں کرنا، زیادتی اور قتل جیسے سنگین اور تشویشناک مسائل بھی موجود ہیں، یہاں صحت کی سہولیات بھی میسر نہیں اور بچوں کو تعلیم دلوانا بھی مشکل کام ہے۔

مریم نفیس نے کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے نظام سے خوش نہیں ہوں اور بے شمار مسائل کی وجہ سے کراچی دنیا کا دوسرا خطرناک ترین شہر بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کا رویہ بھی ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے، پاکستان میں خود کو غیرمحفوظ تصور کرتی ہوں، مردوں نے پاکستان میں خواتین کے لیے غیر محفوظ ماحول بنایا ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ والدین کو چاہیے کہ بیٹوں کی پرورش پر زور دیں کیونکہ معاشرے میں ہراسانی کے بڑھتے واقعات کے سبب لوگ اپنی بیٹیوں کو گھروں سے باہر نکالنے سے اب ڈرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں