وزیراعظم سے چینی بری فوج کے سربراہ کی ملاقات، سٹریٹجک تعلقات مضبوط بنانیکا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کی پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اور تمام شعبوں میں پاک چین تعلقات کی طویل تاریخ کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر محیط سٹریٹجک تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو پاکستان میں وسیع عوامی، سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور سٹریٹجک تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ 

جنرل لی کیاومنگ نے دوطرفہ دوستی کو تعاون اور اشتراک کی نئی سطحوں پر بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آہنی بھائی، سٹریٹجک پارٹنر اور قابل اعتماد دوست ہے، چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے۔

جنرل لی نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی افواج کے کردار کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں