قومی اسمبلی میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل2024 کثرت رائے سے منظور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2024 وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم نزیر تارڑ نے پیش کیا، ترمیمی بل کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ایکٹ میں یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں کی تعداد بڑھائی گئی ہے۔

اس سے پہلے یونین کونسل میں صرف چیئرمین و وائس چیئرمین کے عہدے تھے، تاہم، اب ترمیم کے مطابق موجودہ بل میں چیئرمین و وائس چیئرمین کے ساتھ ساتھ 15 مزید نمائندے بھی منتخب ہوں گے۔

یونین کونسل میں چیئرمین و وائس چیئرمین کے علاوہ 9 ممبرز یونین کونسل بھی منتخب کئے جائیں گے، نئی ترمیم کے تحت یونین کونسل سطح پر ایک کسان یا مزدور، ایک اقلیت اور ایک نوجوان بھی منتخب کیا جائے گا جبکہ تین خواتین بھی منتخب کی جائیں گی۔

بل کے متن میں کہا گیا کہ یوسی سطح پر زیادہ افراد کی نمائندگی دینے سے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہوگی، جتنے زیادہ بلدیاتی نمائندے یوسی سطح پر ہوں گے اتنے زیادہ عوام سے رابطے میں رہیں گے۔

بل کے مطابق جنرل سیٹوں پر امیدواروں کا انتخاب براہ راست ہوگا، جنرل کونسل کے امیدواروں کے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا، انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد یونین کونسل کا سیکرٹری اجلاس بلائے گا، سیکرٹری اجلاس میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں