خواجہ آصف سے چینی بری فوج کے سربراہ کی ملاقات، امن کیلئے پاکستانی کوششوں کی تعریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ نے ملاقات کی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اور تمام شعبوں میں پاک چین تعلقات کی طویل تاریخ کو سراہا، وزیردفاع نے موجودہ دوطرفہ میکانزم، سٹریٹجک ڈائیلاگ، قونصلر مشاورت اور انسداد دہشتگردی سے متعلق مشاورت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے جس کی بنیاد علاقائی اور عالمی مسائل پر ہم آہنگی ہے،یہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہیں، کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، پاکستان علاقائی اور عالمی فورمز پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین کی حمایت کو سراہتا ہے، پاک چین سکیورٹی تعاون علاقائی استحکام کا ستون ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ بھی اپنے تعلقات پر خصوصی توجہ دیتا ہے، پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے لیے پرعزم ہے، پرامن افغانستان پاکستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔

دونوں اطراف نے اپنی مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلقات کو تسلیم کرتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں