ایرانی صدر کا دارالحکومت کو خلیج اور بحیرہ عمان کے قریب منتقل کرنے کا مطالبہ

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دارالحکومت تہران کو خلیج اور بحیرہ عمان کے قریب منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے اقتصادی بازو خاتم الانبیاء کنسٹرکشن کے ہیڈ کوارٹرز میں اپنے خطاب میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک طرف دارالحکومت تہران کے مسائل کا ذکر کیا اور دوسری طرف اس کے لیے مناسب ماحول پیدا کرنے کی ضرورت کا ذکر بھی کیا۔

اس مقصد کے حصول کے لیے انہوں نے ایران کے دارالحکومت کو جنوبی علاقوں اور سمندر کے قریب یعنی خلیج اور بحیرہ عمان کے قریب منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

ایرانی صدر نے ملک کو درپیش ترقیاتی چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوب اور سمندر سے دارالحکومت تک بنیادی وسائل کی مسلسل منتقلی ہو تاکہ انہیں مصنوعات میں تبدیل کیا جا سکے، پھر انہیں دوبارہ جنوب میں برآمد کیا جائے۔

پیزشکیان کی تقریر کے ایرانی میڈیا کی طرف سے شائع ہونے والے ٹرانسکرپٹ کے مطابق صدر نے کہا کہ ہمارے پاس ملک کے اقتصادی اور سیاسی مرکز کو جنوب اور سمندر کے قریب منتقل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

ایرانی صدر نے تہران کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تہران میں اب تک کی گئی پالیسیوں اور اقدامات کے جاری رہنے سے ان مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے اور بنیادی حل ملک کے سیاسی اور اقتصادی مرکز کو منتقل کرنا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں