شنگھائی تعاون تنظیم کی چھتری تلے ایران اور دیگر ممالک سے تجارت کا فروغ چاہتے ہیں: جام کمال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ایران اور اپنے دیگر علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے ایرانی خبر رساں ادارے سے پاکستان کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے تجارت اور اقتصادی امور کے 23ویں اجلاس کے حوالہ سے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے اہم وفود کی موجودگی کے ساتھ آئندہ اجلاس بہت اہم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں ہفتے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے تجارت و اقتصادی امور کا اجلاس ہوگا جو خطے کی موجودہ صورتحال، دنیا اور خطے میں ہونے والی اقتصادی پیش رفت کے مختلف منظرناموں کے پیش نظر بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے تجارت کے آئندہ اجلاس میں چین اور روس کے ساتھ ساتھ ہمارے پڑوسی ملک ایران جیسے ممالک کے وفود کی موجودگی مضبوط علاقائی تعاون اور تجارتی، اقتصادی اور وفود کے تبادلوں کے میدان میں مؤثر طریقے سے نئے مواقع تلاش کرنے کا ایک مثالی موقع ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے کچھ ارکان مقامی کرنسیوں سمیت مختلف طریقوں سے دوطرفہ تجارت کرتے ہیں ہم اسلام آباد اجلاس میں خطہ کے ممالک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے موثر ایجنڈے پر عمل کریں گے۔

انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کے بارے میں کہا کہ مرحوم ایرانی صدر ڈاکٹر رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے وفود کے تبادلوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں