اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔

لاہور سمیت پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں  دوپہر بارہ بجکر 30 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ  کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے کمالیہ، خانیوال، بھلوال، چنیوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سرگودھا اور جھنگ میں محسوس کیے گئے، ساہیوال، چیچہ وطنی، پھولنگر، میانوالی، تلہ گنگ، چکوال، جہانیاں، ظفروال، بھیرہ، خوشاب اور میاں چنوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ڈیرہ غازی خان کے علاقے شادی والا تھا۔

زلزلے سے تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ 

واضح رہے کہ 2 روز قبل سوات سمیت خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں 4.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دوپہر ایک بجکر 20 منٹ پر محسوس کیے گئے اور ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 4.5 محسوس کی گئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں