افغان کرکٹ بورڈ کا بھارتی سٹیڈیم کے حوالے سے حیران کن یو ٹرن

ممبئی: (ویب ڈیسک) افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے نوائیڈا کرکٹ سٹیڈیم کے حوالے سے حیران کن یو ٹرن لے لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ سے بہتر تعلقات کے لیے یو ٹرن لیا ہے۔

افغان بورڈ کے ایک آفیشل نے نوائیڈا کے وینیو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم اب افغان کرکٹ بورڈ کے وینیو کے حوالے سے 2 متضاد بیانات سامنے آئے ہیں جس میں مستقبل میں نوائیڈا کے انتخاب کو مسترد کرنے کو غلط قرار دیا اور بھارتی بورڈ کے 2 وینیوز کے انکار کے الزامات بھی واپس لے لیے۔

بھارت بورڈ کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کے خدشے سے افغان بورڈ کو بیان تبدیل کرنا پڑا۔

افغان بورڈ کے آفیشل کا کہنا ہے کہ نوائیڈا کے مقابلے میں افغانستان میں گراؤنڈز میں سہولتیں بہتر ہیں، لکھنؤ اور دہرادون وینیوز کی ہماری تجویز کو مسترد کر دیا گیا تھا، ہمیں کہا گیا کہ نوائیڈا کا وینیو دستیاب ہے۔

اے سی بی انٹرنیشنل کرکٹ منیجر منہاج الدین ناز نے کہا کہ گراؤنڈ اتھارٹیز نے بہت محنت کی ہے، کوئی اور بھی سینٹر ہوتا تو اسے وقت پر تیار کرنے میں اتنی ہی مشکل پیش آتی۔

منہاج الدین ناز کا کہنا تھا کہ ہم نے بنگلورو اور کان پور کے مقابلے میں نوائیڈا کا انتخاب کیا، لاجسٹک کی وجہ سے ہمارے لیے یہ سینٹر اچھا تھا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے نوائیڈا میں تینوں دن کھیل نہ ہو سکا جبکہ نکاسی آب کی ناقص سہولتوں کی وجہ سے نوائیڈا سینٹر کو تنقید کا سامنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں