بھارت : دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی ضمانت منظور، رہا کردیا گیا

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال کی کرپشن کیس میں ضمانت منظور کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے شراب پالیسی کیس میں تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی کی جانب سے عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کی گرفتار کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال کی ضمانت منظور ہونے کے بعد ان کی اہلیہ نے مبارک باد پیش کی۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اروند کیجریوال کو عام انتخابات سے قبل کرپشن کے الزامات میں مارچ میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اروند کیجریوال شراب پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام میں گزشتہ 6 ماہ سے جیل میں قید ہیں، انہیں جولائی میں اس کیس میں عبوری ضمانت مل گئی تھی لیکن اسی پالیسی سے متعلق دوسرے مقدمے کی وجہ سے انہیں قید میں رکھا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سیاسی رہنما اور ان کی پارٹی (اے اے پی) نے تمام الزامات کی تردید کی تھی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں