عمران خان نے اپنی سیاست چمکانے اور ریلیف کیلئے ہر ادارے پر حملہ کیا: بلاول بھٹو
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی سیاست چمکانے اور کیسز میں ریلیف کیلئے ہر ادارے پر حملہ کیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان کے ضمنی انتخاب میں گالم گلوچ اور نفرت کی سیاست کو شکست ہوئی، میرے الیکٹڈ سپاہی ووٹ کی طاقت سے یہاں پہنچے، میرے الیکٹڈ سپاہی نہ جھکتے ہیں نہ ہی ڈرتے ہیں، میرے سپاہی ہر فتنے کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان کے عوام نے بتا دیا وہ قیدی نمبر 804 کے ساتھ نہیں ہیں، رحیم یار خان نے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرکے نفرت کی سیاست کو شکست دی، پاکستانی عوام اس وقت سازشی سیاست کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کل رات جمہوریت پر ایک حملہ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے اپنی سیاست چمکانے اور کیسز میں ریلیف کیلئے ہر ادارے پر حملہ کیا، پی ٹی آئی تحقیقات کرے عمران خان نے جو کل باتیں کیں کیا ان کا ہی بیان تھا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے موجودہ چیف جسٹس کی توہین کی گئی ہے، دوسری طرف موجودہ آرمی چیف پر سیاسی الزامات لگائے گئے ہیں، جو الزامات کل لگے ہیں بانی پی ٹی آئی کو ان کی وضاحت کرنا ہوگی، بیان بانی پی ٹی آئی نے نہیں دیا تو اپوزیشن لیڈر یا پارٹی چیئرمین وضاحت کریں۔