حوثیوں کے حملوں کا خطرہ: اسرائیل نے سرحد پر رہنے والے آبادکاروں کو ہتھیار فراہم کردیئے
تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے لبنان کے ساتھ لگنے والی شمالی سرحد کے قریب رہنے والے لوگوں میں 9 ہزار سے زائد جدید رائفلز تقسیم کردیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع اور فوج نے ملک کے شمال میں رہنے والی آبادیوں میں 9 ہزار سے زائد جدید رائفلز تقسیم کی ہیں۔
خبر کے مطابق 13 ملین ڈالر سے خریدی گئی 9 ہزار آئی ڈبلیو آئی ارد (IWI Arad) رائفلز ملک کے شمال میں رہنے والی 97 مختلف کمیونٹیز کے افراد میں تقسیم کی گئی ہیں۔
اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہتھیار تقسیم کرنے کا مقصد شہریوں کی حفاظت کے لیے قائم سول ڈیفنس اسکواڈ کو مضبوط بنانا ہے جو 7 اکتوبر کے حملے میں بہادری سے لڑے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے شمالی علاقے لبنان کی سرحد سے ملتے ہیں جہاں 7 اکتوبر کے بعد سے مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے مسلسل اسرائیل پر راکٹ حملے کیے جارہے ہیں اور اس کے جواب میں اسرائیلی طیارے بھی لبنان کی حدود میں جاکر بمباری کرتے ہیں۔