ملکی معیشت مستحکم، عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہو چکا: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکر کیا اور مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد ہونے پر حکومتی معاشی ٹیم کی پذیرائی کی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد آئی جبکہ ستمبر 2024 میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
مہنگائی میں نمایاں کمی پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کئے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی ہے، مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے، پہلے دن سے ہی عوامی ریلیف کیلئے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا۔
ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا، پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اجراء سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا، پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔