شوگر ملز کو 5 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 5 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی، اجازت رواں سال کے سیزن کی ضرورت کو دیکھ کر دی گئی۔
ای سی سی کا اجلاس وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت منعقد ہوا، ای سی سی کے مطابق کرشنگ سیزن شروع ہونے میں دو ماہ کا وقت ہے، تاحال چینی کے اضافی سٹاک دستیاب ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق 30 ستمبر تک چینی کا ذخیرہ 20 لاکھ 54 ہزار میٹرک ٹن ہے، گزشتہ 10 ماہ میں 54 لاکھ 56 ہزار میٹرک چینی استعمال ہوئی جبکہ ایف بی آر کے مطابق 2 ماہ میں 9 لاکھ ٹن چینی استعمال ہونے کی توقع ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 30 نومبر تک ملک میں 10 لاکھ ٹن چینی کا فاضل ذخیرہ ہونے کی توقع ہے، شوگر ملز نے 21 نومبر سے کرشنگ کا آغاز کرنے کی یقین دھانی کرائی، شرائط پوری نہ ہونے پر شوگر ملز کا کوٹہ منسوخ کیا جائیگا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ شوگر ملز اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ چینی 90 روز میں برآمد کر دی جائیگی، مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کیلئے چینی کی ایکسپورٹ روک دی جائیگی۔