سروں کی ملکہ نورجہاں کو مداحوں سے بچھڑے 24 سال بیت گئے
کراچی: (دنیا نیوز) برصغیر کی سروں کی ملکہ نامور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کو مداحوں سے بچھڑے 24 برس بیت گئے لیکن ان کی سریلی آواز آج بھی مداحوں کے کانوں میں رس گھولتی ہے۔
ملکہ ترنم کے نام سے پہچانی جانے والی میڈم نور جہاں 21 ستمبر 1926 کو قصور کے موسیقار گھرانے میں پیدا ہوئیں اور اپنے فلمی کیریئر کا آغاز نو سال کی عمر سے کیا اور جلد ہی ایک جانی پہچانی چائلڈ سٹار بن گئیں۔
گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں نے اپنے فلمی کیریئر کے دوران ہزاروں گیت گائے اور 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران قومی نغمے بھی گائے جو ہماری قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔
نور جہاں کے گائے جانے والے گیتوں اور غزلوں نے ہمیشہ اہل ذوق کی پذیرائی حاصل کی، حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور نشان امتیاز بھی عطا کیا۔
ملکہ ترنم نور جہاں 23 دسمبر 2000 کوعلالت کے بعد انتقال کر گئی لیکن ان کے گیتوں کی آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔