بچے کا نام رکھنے پر جھگڑا، بیوی شوہر سے طلاق کیلئے عدالت پہنچ گئی
کرناٹک: (ویب ڈیسک) میاں بیوی کے درمیان بچے کا نام رکھنے پر لڑائی شدت اختیار کر گئی اور بات طلاق تک پہنچ گئی۔
بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک دلچسپ و عجیب واقعہ پیش آیا جہاں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا 2021ء میں شروع ہوا جب بیٹے کی پیدائش کے بعد خاتون نے بیٹے کیلئے شوہر کی جانب سے تجویز کردہ نام کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جب میاں بیوی کے درمیان یہ جھگڑا شدت اختیار کر گیا تو بیوی نے شوہر سے طلاق لینے کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب یہ کیس پیپلز کورٹ میں پہنچا تو عدالت نے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کی وجہ جاننے کے بعد اس جوڑے کے درمیان طلاق کے بجائے صلح کرانے کیلئے بیٹے کا نام رکھنے کیلئے کچھ نام تجویز کئے۔
رپورٹ کے مطابق اس جوڑے نے ججز کی جانب سے تجویز کردہ کئی ناموں کو مسترد کر دیا اور طویل بحث و مباحثے کے بعد ایک نام ’آریہ وردھن‘ پر متفق ہوئے، ایک نام پر اتفاق ہونے کے بعد دونوں میاں بیوی نے ایک دوسرے کو ورمالا پہنائیں اور پھر عدالت سے ہنسی خوشی گھر واپس آ گئے۔