چیمپئنز ٹرافی: افغانستان کیخلاف انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 287 رنز پر گرگئی
لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویں میچ میں افغانستان کی جانب سے 326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے ابراہیم زدران نے 177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی 3 وکٹیں صرف 37 رنز کے مجموعی سکور پر گر گئیں، رحمان اللہ گرباز 6، صدیق اللہ اتل اور رحمت شاہ 4، 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
تاہم اوپنر بلے باز ابراہیم زدران نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 177 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان حشمت اللہ شاہدی اور محمد نبی 40، 40 جبکہ عظمت اللہ عمرزئی 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3 ، لیام لیونگسٹون نے 2 جبکہ جیمی اوورٹن اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں انگلش ٹیم کی کمان جوز بٹلر کے ہاتھوں میں ہے جبکہ افغانستان کو حشمت اللہ شاہدی لیڈ کر رہے ہیں۔
سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کیلئے دونوں ٹیموں کیلئے آج کا میچ انتہائی اہم ہے، افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کر کے میچ کی تیاری کی۔
افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم دنیا کی اچھی ٹیموں میں سے ہے، ہم مثبت مائنڈ سیٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے، امید ہے سپنرز سے سپورٹ ملے گی۔
انگلشن کپتان جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پاس اچھے سپنرز ہیں جبکہ ہمارے پاس کوالٹی کے فاسٹ باؤلرز ہیں، میچ میں اچھا پرفارم کریں گے۔
افغان ٹیم
افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صدیق اللہ اتل، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، گلبدین نائب، راشد خان، نور احمد اور فضل حق فاروقی شامل ہیں۔
انگلش سکواڈ
انگلش سکواڈ فل سالٹ، بین ڈکٹ، جیمی سمتھ، جو روٹ، ہیری بروک، جوز بٹلر، لیام لیونگسٹون، جوفرا آرچر، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور مارک ووڈ پر مشتمل ہے۔