ہزارہ ڈویژن کے گھنے جنگلات میں شدید آگ بھڑک اٹھی، متعدد علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا
ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) ہزاہ ڈویژن کے مختلف مقامات پر گھنے جنگلات میں شدید ترین آگ بھڑک اٹھی جس نے متعدد علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔
گلیات، ایوبیہ، پائپ لائن اور توحید آباد کے جنگلات میں جبکہ دوسری جانب چیچیاں انٹر چینج اور حویلیاں بائی پاس بھی شدید آگ کی لپیٹ میں آگیا، ریسکیو1122 کی فائر وہیکلز اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
آگ تیزی سے پھیلتے ہوئے وسیع جنگلاتی رقبے تک پھیل گئی، نتھیاگلی اور ایوبیہ سے ریسکیو1122 ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فائر فائٹنگ آپریشن کیا، دشوار گزار راستوں اور شدید اندھیرے کے باوجود ریسکیو1122 اہلکاروں کو آگ بجھانے کے عمل میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
آگ کی شدت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حفیظ رحمٰن اور ایمرجنسی آفیسر فہد علی مسعود 30 اہلکاروں کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے، صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مانسہرہ اور ہری پور سے اضافی ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی گئیں۔