خاتون ڈاکٹر کو ہراساں کرنے پر اسلام آباد پولیس کا سب انسپکٹر نوکری سے برخاست

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ذاتی مسئلے پر دادرسی کے لیے تھانے جانے والی خاتون ڈاکٹر کو ہراساں کرنے پر اسلام آباد پولیس کے سب انسپکٹر کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

 ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد نے انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مذکورہ سب انسپکٹر کو نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ مزید قانونی کارروائی کے لیے ضابطے کے مطابق خاتون ڈاکٹر سے رابطہ کر لیا گیا ہے تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

خیال رہے کہ آئی جی اسلام آباد پولیس کو دی گئی درخواست میں متاثرہ لیڈی ڈاکٹر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ فیملی مسئلے پر تھانہ لوئی بھیر درخواست دینے گئی تھیں، جہاں اس وقت کے ایس ایچ او نے ان سے بدتمیزی کی۔ خاتون کے مطابق وہ خاندانی مسئلے کے باعث کمزور پوزیشن میں تھیں، جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی۔

درخواست میں کہا گیا کہ 11 اگست کو ایس ایچ او زبردستی ان کے گھر میں داخل ہوا اور زبردستی کرنے کی کوشش کی، بعد ازاں پولیس افسر کی دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے باعث انہیں شہر چھوڑنا پڑا، جبکہ مذکورہ افسر اب بھی دھمکیاں دے رہا ہے۔

دوسری جانب متاثرہ خاتون کے مطابق انہوں نے ایس ایچ او کے خلاف درخواست دی تھی، جس پر انکوائری میں افسر کو قصوروار قرار دیا گیا، تاہم اس وقت کارروائی نہیں کی گئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں