بیماری کی چھٹی لینے پر منیجر نے ملازم سے لائیو لوکیشن مانگ لی
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں طبعیت خراب ہونے کے باعث چھٹی لینے پر کمپنی کے منیجر نے حیران کن طور پر ورکر سے لائیو لوکیشن منگوالی۔
خبر ایجنسی کے مطابق منیجر کے غیر متوقع عمل کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی، ورکرز نے واقعے کے بارے میں خود سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اپنی پوسٹ میں صارفین کو بتایا کہ سر میں درد کے باعث میں نے اپنے دفتر سے چھٹی طلب کی۔
پوسٹ میں ملازم کا مزید کہنا تھا کہ چھٹی مانگنے پر منیجر نے مجھ سے لائیو لوکیشن بھیجنے کا کہا، میری جانب سے سوال کرنے کے باوجود بھی وہ اپنے مؤقف پر قائم رہا۔
منیجر کے رویے سے متعلق ملازم کی سوشل میڈیا پوسٹ پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا، صارفین نے کمپنی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا کہ ایسے منیجر کو نوکری سے فوری برخاست کر دینا چاہیے۔