کھلاڑی خواتین کو تربیت کی بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں: محسن نقوی
کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے دوران بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کھلاڑیوں کے جاری تربیتی کیمپ کا معائنہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
محسن نقوی نے تربیتی کیمپ میں موجود 36 خواتین کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انہیں غذائیت سے بھرپور اور معیاری کھانا فراہم کیا جائے، اعلیٰ معیار کے کوچز ان کی تربیت کر رہے ہیں، اب کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھرپور محنت سے ٹریننگ کریں۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ ہر موقع پر جذبے اور عزم کے ساتھ فائٹ کریں اور کبھی ہمت نہ ہاریں، انہوں نے عملی مشقوں، سٹیمنا اور سٹرنتھنگ ٹریننگ پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مکمل فٹ پلیئر کا واضح فرق گراؤنڈ میں نظر آتا ہے۔
اس موقع پر وہاب ریاض، عبدالرحمان، عمران فرحت، مینجر عائشہ جلیل اور دیگر کوچز بھی موجود تھے، دورے کے دوران کوچز نے چیئرمین پی سی بی کو کیمپ میں جاری ٹریننگ کی مختلف سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کیمپ کی سرگرمیوں کا آغاز صبح 6 بجے سے ہوتا ہے جبکہ شام 6 بجے تک فزیکل ٹریننگ، جم اور مختلف ایکسرسائزز کروائی جاتی ہیں، گراؤنڈ میں فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کے ساتھ ساتھ سیناریو بیسڈ میچز کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔