ڈیرہ غازی خان: پی پی 289 سے اسامہ عبدالکریم بلا مقابلہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب
ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ غازی خان کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 289 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسامہ عبدالکریم بلا مقابلہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے۔
ریٹرننگ آفسر کی جانب سے اسامہ عبدالکریم کی کامیابی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
الیکشن حکام کے مطابق اس حلقے میں مدِ مقابل تمام امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے جس کے بعد اسامہ عبدالکریم بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے جبکہ محمد عباد خان نے بھی الیکشن سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔
واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کا حلقہ پی پی 289، سردار محمود قادر خان لغاری کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوا تھا۔
الیکشن شیڈول کے مطابق پی پی 289 پر کاغذاتِ نامزدگی 10 سے 12 دسمبر تک جمع کرائے جانے تھے، 18 دسمبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال جبکہ یکم جنوری 2026 کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جانے تھے، پولنگ 25 جنوری 2026 بروز اتوار شیڈول تھی تاہم امیدوار کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کے باعث انتخابی عمل مکمل ہو گیا ہے۔