پاکستان اور چین کی پولیس میں تعاون بڑھانے کیلئے محسن نقوی کا بیجنگ پولیس کالج کا دورہ
بیجنگ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پولیس کالج کا دورہ کیا اور کالج کے ہائی ٹیک ٹریننگ کے مختلف سیکشن دیکھے۔
محسن نقوی نے بیجنگ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے ذریعے ملزمان کو پکڑنے کا زبردست مظاہرہ دیکھا اور بیجنگ پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیت کے شاندار معیار کو سراہا۔
انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کے بہترین مظاہرے پر گاڑیوں کے خصوصی سکواڈ کو بھرپور داد دی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہیکلز سکواڈ کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں اور بہترین تربیت دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں، نیشنل پولیس اکیڈمی کے تمام اے ایس پیز ایک ماہ کی ٹریننگ کیلئے بیجنگ پولیس کالج آئیں گے، نیشنل پولیس اکیڈمی اور بیجنگ پولیس کالج کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی پولیس افسران کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی، اس ضمن میں نیشنل پولیس اکیڈمی اور بیجنگ پولیس کالج کے درمیان تعاون کے لئے معاہدہ کریں گے۔
محسن نقوی نے ڈرائیونگ ٹیسٹ کی جدید سیمولئیٹر مشین چلائی، وزیر داخلہ کو صدر بیجنگ پولیس کالج نے سیمولٹیرز اور دیگر ذرائع سے ہائی ٹیک ٹریننگ کے بارے میں بریف کیا، انہیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مظاہروں، تشدد کے واقعات اور دیگر جرائم سے نمٹنے کے بارے بریفنگ دی گئی۔
بیجنگ پولیس کالج کے صدر وو وائی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹیکنالوجی بیسڈ تعلیمی و عملی تربیت بارے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیجنگ پولیس کالج میں تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے ساتھ اے آئی کی ٹریننگ بھی دی جاتی ہے، 12 فیکلٹی ہیں اور فیکلٹی ممبران کی تعداد 400 سے زائد ہے جس میں 50 فیصد پی ایچ ڈی ہیں۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس، ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن سید خرم علی، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔