متعدد امریکی ریاستیں برفانی طوفان کی لپیٹ میں، 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ
نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا کی متعدد ریاستیں برفانی طوفان کی لپیٹ میں آگئیں جس کے پیش نظر حکام نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی 18 ریاستوں میں برفانی طوفان کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، 9 ریاستوں میں نیشنل گارڈ متحرک ہیں جبکہ طوفان کے باعث 20 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شمالی امریکا میں شدید سردی اور آرکٹک ہواؤں کا راج ہے، مشی گن جھیل منجمد ہوگئی جبکہ ایری جھیل سمیت دیگر امریکی جھیلوں کی سطح بھی برف سے ڈھک گئی ہے، نیو یارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن میں بھی برف باری کا امکان ہے۔
شدید برف باری کے باعث امریکا بھر میں 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، 84 ہزار سے زائد صارفین سے متعلق بجلی سے محروم ہونے کی اطلاعات ہیں، ان حالات میں میئر نیو یارک نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا صورت حال پر کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر شہریوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے، طوفان کی زد میں آنے والی تمام ریاستوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔