مریم نواز کا آلو کے کاشتکاروں کے متعلق وزیراعظم شہبازشریف کو خط

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آلو کے کاشتکاروں کی مشکلات کے ازالے اور منافع میں اضافے کے لیے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھ دیا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے اپنے خط میں آلو کی برآمدات بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، نیشنل لاجسٹک کارپوریشن کے ذریعے آلو کی برآمدات میں تیزی لانے کی درخواست کی۔

خط میں آلو کی برآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی درخواست کی گئی اور آلو کی برآمد کے لیے کرائے کی لاگت میں 25 فیصد خصوصی رعایت کی اپیل بھی کی، کاغذی کارروائی میں خصوصی نرمی کے لیے کہا گیا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف کے خط میں یورپی یونین، افریقہ اور امریکہ سمیت عالمی منڈیوں تک رسائی سمیت دیگر ضروری اقدامات کی درخواست کی گئی۔

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف ہمارے کسانوں کو درپیش مالی مشکلات کو کم کریں گے بلکہ زرِمبادلہ میں اضافہ اور زرعی شعبے میں اعتماد کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں