عثمان طارق ہمارا ٹرمپ کارڈ، پوری بھارتی ٹیم کیلئے پلان بنا رکھا ہے: کپتان قومی ٹیم

کولمبو: (دنیا نیوز)قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل سپنر عثمان طارق کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ سب کھلاڑی ایک جیسے ہیں، عثمان طارق کو آپ سب نے بنایا، وہ ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق بات چلتی رہی ہے، عثمان طارق دو مرتبہ کلیئر ہوچکا، پتا نہیں اس کے ایکشن پر بات کیوں ہو رہی ہے، لیکن عثمان طارق پر اس سب کا کوئی اثر نہیں پڑتا، کسی کی رائے کو روک نہیں سکتے، سب کو اجازت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل بھی ایک بڑے لیول کا میچ ہوگا، ہم تیار ہیں ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے، یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں اور پچ کا بھی علم ہے، بارش کا کچھ نہیں کر سکتے، اگر بارش کی وجہ سے اوور کم ہوتے ہیں تو اس کا بھی پلان کر رکھا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میرے لیے تمام 15 کھلاڑی اہم ہیں، کوئی بھی کھیل سکتا ہے، کنڈیشنز کو دیکھ کر ہی اپنی پلیئنگ الیون بنائیں گے، بابر اعظم رنز کر رہے ہیں، ہمارے لیے پریشانی کی بات نہیں ہے، امید ہے بابراعظم کل بھی رنز کریں گے۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ انڈیا کے خلاف ہمارا ورلڈ کپ میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں رہا، لیکن ہم نے تاریخ سے سیکھا ہے اور کوشش ہو گی کہ کل اچھا کھیلیں، انڈیا کی پوری پلئینگ الیون کے لیے پلان کیا ہوا ہے۔

بھارت کے جارح مزاج بیٹر ابھیشک شرما سے متعلق سوال پر پاکستان کے کپتان نے کہا کہ امید ہے ابھشک کی ری کوری اچھی ہو رہی ہو گی اور وہ اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے، جب آپ کپتانی کر رہے ہیں ہوتے ہیں تو یہ اضافی ذمے داری ہوتی ہے، دباؤ بھی ہوتا ہے، آپ ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں تو سب کی نظریں آپ پر ہوتی ہیں، ہمیں میدان میں اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں