وزیراعظم محمد شہباز شریف 2 روزہ دورہ آسٹریا پر ویانا پہنچ گئے

ویانا: (دنیا نیوز) آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے دو روزہ دورہ آسٹریا پر ویانا پہنچ گئے۔

ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا گیا، آسٹرین مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک ہیں۔

اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم آسٹرین چانسلر کرسچئین اسٹاکر سے دو طرفہ و وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔

وزیرِاعظم اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، شہباز شریف آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔

شہباز شریف ویانا میں اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ "پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ" کے موضوع پر خصوصی تقریب میں شرکت و خطاب کریں گے۔

اپنے دورہ کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائیریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں