وزیراعظم ویانا میں آسٹرین چانسلری پہنچ گئے، پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش

ویانا: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف ویانا میں آسٹرین چانسلری پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

آسٹریا کے چانسلر کرسچن سٹاکر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبالیہ تقریب کے لیے چانسلری پہنچنے پر استقبال کیا، خوش آمدید کہا اور وزیراعظم کا اپنی کابینہ کے ارکان سے تعارف کروایا۔

چانسلری پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے نئے سال پر چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ شی جن پنگ اور چین کے عوام کو خوشیوں بھرا نیا سال مبارک ہو، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی عوام کی صحت، کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا تعلق ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور آئندہ بھی مزید مستحکم ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں