بینک اکاؤنٹ میں کتنی رقم ہونے پر زکوٰۃ کٹوتی ہوگی؟ نصاب جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے رواں سال کے لئے زکوٰۃ کی کٹوتی کا نصاب جاری کر دیا ہے۔
وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے بینکوں کو مراسلہ بھیجا گیا ہے جس کے مطابق رواں سال بینک اکاؤنٹس میں کم از کم 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے موجود ہونے کی صورت میں زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔
جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ جن کھاتہ داروں نے زکوٰۃ خود جمع کرانے کا ڈیکلریشن بینک میں جمع نہیں کرایا ہوگا، ان کے اکاؤنٹس سے مقررہ شرح کے مطابق کٹوتی کی جائے گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام بینک یکم رمضان المبارک کو پبلک ڈیلنگ کے بجائے زکوٰۃ کٹوتی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔
حکام کے مطابق زکوٰۃ کٹوتی کا اطلاق سیونگ، پرافٹ اینڈ لاس شیئرنگ اور دیگر قابل اطلاق کھاتوں پر ہوگا، جبکہ شرعی و قانونی استثنیٰ رکھنے والے اکاؤنٹس اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔