روسی فوج کا یوکرین کی توانائی، فوجی تنصیبات پر بڑا حملہ، 200 ڈرون گرانے کا دعویٰ

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ روسی افواج نے یوکرین کی جانب سے روسی علاقوں میں مبینہ حملوں کے جواب میں یوکرین کی فوجی صنعت اور توانائی کے مراکز پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا ہے۔

وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق روسی افواج نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید زمینی، فضائی اور بحری ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے یوکرین کے فوجی صنعتی اداروں اور ان توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا جو یوکرینی فوج استعمال کر رہی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ تمام طے شدہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران یوکرینی فضائیہ کا ایک Mil Mi-8 ہیلی کاپٹر بھی تباہ کر دیا گیا جبکہ یوکرین کی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی تنصیبات، یوکرینی فوجیوں کے عارضی ٹھکانوں اور غیر ملکی جنگجوؤں کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران روسی فضائی دفاعی نظام نے یوکرین کے 200 فکسڈ ونگ ڈرون اور تین سمارٹ بم بھی مار گرائے۔

روسی وزارتِ دفاع کے مطابق جنگی کارروائیوں کے دوران اسرائیل میں تیار کردہ RADA RPS‑42 radar کے دو ریڈار اسٹیشن بھی تباہ کیے گئے، جبکہ ایک ڈچ ساختہ Robin IRIS radar ریڈار سٹیشن بھی نشانہ بنایا گیا۔

وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دن کے دوران محاذِ جنگ پر تقریباً 1,375 یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے، بیان کے مطابق مختلف روسی جنگی گروپس نے مختلف محاذوں پر یوکرینی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں