پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر تیزی کا رجحان
کراچی: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ کی سنبھلتی صورتحال کے باعث پاکستان سمیت ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں آج مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی، 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار 844 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 293 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 517 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی سنبھلتی صورتحال کے باعث ایشیائی مارکیٹوں میں بھی تیزی آئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جاپان کے نکی انڈیکس میں 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس میں بھی ایک فیصد کی تیزی دیکھنے میں آئی، جبکہ چین اور ہانگ کانگ کی سٹاک مارکیٹ میں بھی ایک فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔