واٹس ایپ کا صارفین کے تحفظ کیلئے نیا سکیورٹی فیچر متعارف

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ میں ایک بہترین سکیورٹی فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو صارفین کی پرائیویسی کو زیادہ تحفظ فراہم کرے گا۔

ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کیلئے نئے بیٹا (beta) ورژن میں اکاؤنٹ پرائیویسی کے حوالے سے صارفین کو بہترین کنٹرول فراہم کرنے والے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور اس کے ذریعے صارفین اپنی تمام لنکڈ ڈیوائسز کی رئیل ٹائم میں مانیٹرنگ کر سکیں گے۔

ابھی واٹس ایپ میں صارفین کو لنکڈ ڈیوائسز مینیو میں جا کر دیکھنا پڑتا پے کہ کن ڈیوائسز میں آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایکٹیو ہے، مگر نئے فیچر میں ایک الرٹ سسٹم دیا جا رہا ہے جو صارفین کو اس وقت نوٹیفائی کرے گا جب لنکڈ ڈیوائسز کو پرائمری فون کے ساتھ بیک وقت استعمال کیا جائے گا۔

یعنی اگر آپ گھر میں ہیں اور کسی باہر کی ڈیوائس میں لنکڈ واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال ہوتا ہے تو آپ کو اس سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

یہ نوٹیفکیشن سسٹم اسی وقت متحرک ہوگا جب پرائمری فون کے ساتھ کوئی اور لنکڈ ڈیوائس بیک وقت متحرک ہوگی، صارفین ان نوٹیفکیشن کو ان ایبل یا ڈس ایبل کر سکیں گے۔

ابھی اس فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں کی جا رہی ہے تاہم یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کیلئے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں