لاہور: ہنجروال کے قریب کیمیکل فیکٹری میں آگ، ریسکیو آپریشن جاری
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے ہنجروال کے قریب واقع کیمیکل فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ کولنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، فیکٹری میں موجود کیمیکلز کے باعث آگ کی شدت زیادہ ہے، جس کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے ریسکیو 1122 اور پولیس کو ہنگامی بنیادوں پر مؤثر کارروائی کی ہدایت جاری کی، اس کے علاوہ فائر بریگیڈ کی اضافی گاڑیاں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین انکوائری رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔