وزیراعلیٰ سندھ کا بڑا فیصلہ، گندم فروخت کی حد ختم کردی
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بڑا فیصلہ، گندم فروخت کی حد ختم کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت گندم کی خریداری کے جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا، چھوٹے آبادگار اب بغیر کسی پابندی کے گندم فروخت کر سکیں گے، فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط ختم کرنے سے ہاریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے گندم خریداری مہم تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آبادگاروں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں، وزیر خوراک محبوب الزمان نے اجلاس میں بریفنگ کے دورا ن بتایا کہ گندم خریداری مہم یکم اپریل سے شروع کی گئی ہے۔
سندھ حکومت کا ہدف 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم حاصل کرنا ہے، اس سال امدادی قیمت 3,500 روپے فی 40 کلو مقرر کی گئی ہے، تقریباً 19 لاکھ 40 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشتکار 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہیں۔اب تک تقریباً 8,958 میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے۔
آبادگاروں کو رقم ایک دن کے اندر سندھ بینک کے ذریعے منتقل کی جا رہی ہے، اب تک 198.3 ملین روپے آبادگاروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، آبادگاروں کی سہولت کے لئے مزید 12 خریداری مراکز کھولے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے غیر فعال خریداری مراکز کو فوری طور پر فعال کرنے اور ہاریوں کو فوری اور شفاف ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ تمام اہل آبادگار اپنی گندم سرکاری خریداری مراکز پر فروخت کریں۔
اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، مخدوم محبوب الزمان، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خوراک، سندھ بینک کے نمائندے اور دیگر افسران شریک ہوئے۔