امریکا معاہدوں کی پاسداری کرے، تائیوان کو ہتھیار فراہم کرنے سے باز رہے: چین
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ اسے محدود کرنے کی امریکی کوششیں ناصرف ناکام ہوں گی بلکہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں بھی نہیں ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں چینی سفارت خانے کے ترجمان لیو پین گیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین اور امریکا کے تعلقات کی بنیاد باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ مفاد پر ہونی چاہئے نہ کہ زیرو سم پالیسی پر۔
انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے چین کو روکنے اور محدود کرنے کی حکمت عملی ناکام ہو گی اور اس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترجمان نے مزید کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کے بنیادی مفادات میں شامل ہے اور اسے ریڈ لائن قرار دیا گیا ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو ایک چین پالیسی اور دوطرفہ مشترکہ معاہدوں کی پاسداری کرنی چاہئے اور تائیوان کو ہتھیار فراہم کرنے سے فوری طور پر باز رہنا چاہئے۔