عالمی ترقی کا فروغ اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے: چینی وزیر خارجہ
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی نے کہا ہے کہ چین عالمی ترقی کے فروغ میں ایک اہم کردار ادا کرتا رہے گا اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی نے بیجنگ میں منعقدہ مشترکہ ترقی کے لئے عالمی ایکشن پر فورم کی تیسری اعلیٰ سطح کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین عملی اقدامات کے ذریعے عالمی ترقی کے نئے دور کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔
وانگ یی کے مطابق عالمی ترقیاتی اقدام گزشتہ پانچ برسوں میں ایک تجویز سے بڑھ کر عالمی اتفاقِ رائے کی شکل اختیار کر چکی ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین تمام ممالک کے ساتھ مل کر ترقیاتی وسائل کو یکجا کرنے، پرامن ترقی کے راستے کو مضبوط بنانے اور کھلے عالمی ماحول کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
یہ اجلاس چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا جس میں 140 سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔