چھٹی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوگی: طاہر اشرفی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اس سال چھٹی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر، فلسطین اور پاک سعودی دفاعی معاہدے کے حوالے سے بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مفتی اعظم فلسطین، سعودی عرب اور اسلامی ممالک کی اہم شخصیات کانفرنس میں شریک ہوں گی، وزیراعظم شہباز شریف تقریب کا افتتاح کریں گے، اختتامی تقریب صدر مملکت کی سربراہی میں منعقد ہوگی۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ پوری دنیا اسلام آباد کو سلامتی کا مرکز تصور کررہی ہے، گزشتہ رات بھی سعودی عرب نے پاکستان کے امن کی کوشش کو سراہا ہے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ کل کی کانفرنس انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہوگی، حالیہ جنگ کے دوران فیلڈ مارشل نے سعودی عرب کا دورہ کیا، ایران پر حملے کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کا موقف ایک تھا۔
انہوں نے کہا کہ مفتی اعظم فلسطین تیسری بار پاکستان تشریف لائے ہیں، پوری قوم اور امت کی نظریں اس کانفرنس پر ہے۔
طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ تمام امت مسلمہ کو متحد کرنے کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کوششیں کررہے ہیں، پوری دنیا ان کوششوں کو سراہ رہی ہے۔