چئیرمین پی سی بی محسن نقوی ڈھاکہ پہنچ گئے
ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی ایک روزہ دورے پر ڈھاکہ پہنچ گئے ہیں۔
محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) کے صدر کی حیثیت سے بنگلا دیش بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ تمیم اقبال سے بھی ملاقات کریں گے۔
محسن نقوین اپنے اس دورے میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بھی دیکھیں گے جبکہ ان کی پاکستانی کرکٹرز سے بھی ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں ایشیا کپ سمیت دوسرے معاملات پر بھی بات چیت ہو گی ، بنگلہ دیش کو 2027 میں ایشیا کپ کی میزبانی کرنی ہے۔
علم میں رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ اب سے کچھ دیر بعد ڈھاکا میں شروع ہونے جارہا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے اب تک پلیئنگ الیون کا اعلان نہیں کیا گیا ہے البتہ بابراعظم انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ گھٹنے کی انجری کی وجہ سے بابر اعظم پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔ پاکستان ٹیم کے ڈاکٹرز بابر کی انجری کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ٹیم میجمنٹ کے مطابق بابر کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹ بعد میں شیئر کی جائیں گی۔