آزاد کشمیر میں معرکہ حق کی تقریبات جاری، پاک فوج کو سلام عقیدت پیش
مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں وکشمیر میں معرکہ حق کی شاندار فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، بھارت کا غرور خاک میں ملانے پر مسلح افواج پاکستان کی جرات و بہادری کو سلام عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد جموں وکشمیر بھر میں گزشتہ سال فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں معصوم شہریوں پر بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف افواج پاکستان کی جانب سے دیئے گئے منہ توڑ جواب کو ایک سال مکمل ہو گیا۔
اس موقع پر شہر شہر، قریہ قریہ تقریبات، ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں عوام پاک فوج کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل کا کہنا ہے کہ بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کا کہنا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں اور آزادی کی جدوجہد کو نئی تقویت ملی ہے۔
معرکۂ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان مسلم لیگ ن، مہاجرین جموں و کشمیر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام عظیم الشان تقریبات، جلسوں اور ریلیوں کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جن میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی اور مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔