اردو ادب کے درخشاں ستارے سعادت حسن منٹو کا آج یومِ پیدائش منایا جا رہا ہے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اردو ادب کے درخشاں ستارے سعادت حسن منٹو کا آج یومِ پیدائش منایا جارہا ہے۔
سعادت حسن منٹو کے بغیر افسانہ نگاری کا تذکرہ نامکمل ہے، انہوں نے منفرد موضوع پر قلم اٹھا کر ناصرف اپنے عہد میں ہلچل مچائی بلکہ اردو ادب کیلئے انمول خزانہ بھی چھوڑ گئے۔
سعادت حسن منٹو 11 مئی 1912ء کو لدھیانہ میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد وہ نقل مکانی کرکے لاہور شفٹ ہو گئے، ان کا شمار اردو کے ان نامور افسانہ نگاروں میں ہوتا ہے جن کی تحریریں آج بھی بڑے ذوق و شوق سے پڑھی جاتی ہیں۔
سعادت حسن منٹو کے افسانے محض واقعاتی نہیں بلکہ ان میں موضوعاتی جدت پائی جاتی تھی اور دنیا بھر میں جہاں جہاں اردو بولی، سمجھی اور لکھی جاتی ہے وہاں پر ان افسانوں کی شکل میں سعادت حسن منٹو کے خیالات و مشاہدات موجود ہیں۔
سعادت حسن منٹو نے اپنے کیریئر کا آغاز لدھیانہ کے ایک اخبار سے کیا اور مرتے دم تک قلم سے ہی رشتہ استوار رکھا، ان کی اہم ترین تصانیف میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، آتش پارے، کھول دو، ٹھنڈا گوشت، دھواں اور دیگر قابل ذکر ہیں۔
سعادت حسن منٹو نے اپنی زندگی کا آخری حصہ لاہور میں ہی گزارا اور 18 جنوری 1955 ء کو اس دار فانی سے رخصت ہو گئے تھے۔