ٹریفک جرمانوں میں کمی، سزائیں ختم کرنے سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن جاری
لاہور: (دنیا نیوز) عوام کے لیے خوشخبری، محکمہ قانون پنجاب نے ٹریفک قوانین کے جرمانوں میں کمی اور سزائیں ختم کرنے سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
پرانے آرڈیننس میں لائسنسنگ سے متعلق جرم کی سزا 50 ہزار سے ایک لاکھ جرمانہ اور قید کو نئے بل میں 10 ہزار سے 5 ہزار اور قید کی سزا ختم کر دی گئی ہے۔
ون وے خلاف ورزی کی سزا 50 ہزار یا 6 ماہ قید یا دونوں تھی جبکہ نئی قانون سازی میں جرمانہ 5 ہزار اور قید ختم کر دی گئی ہے۔
لائسنس کی خلاف ورزی پر آرڈیننس 2025ء میں پچاس ہزار روپے جرمانے کی تجویز تھی جبکہ نئے بل میں یہ صرف پانچ ہزار روپے کر دیا گیا، قید کی سزا ختم کر دی گئی۔
غلط سمت میں گاڑی چلانے پر آرڈیننس میں چھ ماہ قید یا پچاس ہزار روپے جرمانے کی دفعات تھیں، نیا بل صرف پانچ ہزار روپے جرمانے کی دفعات رکھتا ہے۔
عمر کی حد کی خلاف ورزی پر آرڈیننس میں چھ ماہ قید اور پچاس ہزار روپے کی سزا تھی، نیا بل میں دس ہزار روپے جرمانہ تجویز کرتا ہے، تاہم ایسی صورت میں گاڑی ضبط کر کے مالک یا مجاز شخص کے حوالے کی جائے گی، جو واجب ڈرائیونگ لائسنس رکھتا ہو۔
بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی پر پرانے آرڈیننس میں چھ ماہ قید یا 50 ہزار روپے اور سابقہ سزا کی صورت میں دو سال قید یا ایک لاکھ روپے جرمانے کی دفعات تھیں، نئے بل میں 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا ہے، گاڑی کو صرف انسپکشن سٹیشن تک چلانے کی اجازت ہوگی۔
پبلک سروس گاڑی میں حد سے زائد مسافر پر پہلے چھ ماہ قید یا 50 ہزار روپے کی سزا تھی، اب پانچ ہزار روپے جرمانہ ہو گا، خاص طور پر چھت پر سوار مسافروں یا گاڑی کے اطراف لٹکنے والوں پر یہ لاگو ہوگا۔