کراچی: بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کی مبینہ سرغنہ انمول عرف پنکی گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی کے بین الصوبائی نیٹ ورک کی مبینہ اہم سرغنہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ شہر میں منشیات کی سپلائی کا منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ 10 سے زائد سنگین مقدمات میں مفرور رہی ہے جبکہ اس کی گرفتاری کو تفتیشی حکام بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمہ کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کوکین، منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے مختلف کیمیکلز، غیر قانونی پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ جدید اور منظم انداز میں آن لائن منشیات سپلائی نیٹ ورک چلا رہی تھی، جہاں آرڈرز کی ترسیل کے لیے مخصوص رائیڈرز کا استعمال کیا جاتا تھا۔
تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے خواتین رائیڈرز کو بھی نیٹ ورک کا حصہ بنایا گیا تھا تاکہ سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے اوجھل رہ سکیں۔
گارڈن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد اور خریداروں کے حوالے سے اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔ پولیس اس امر کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ بھاری مقدار میں مہنگی منشیات ملزمہ تک کہاں سے پہنچائی جا رہی تھیں۔