پنکی کا برانڈ نیم ہی پھندا بنے گا، افریقی شہری بھی دھندے میں ملوث ہیں: ایڈیشنل آئی جی سندھ
کراچی:(دنیا نیوز) ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے کہا ہے کہ منشات فروش انمول عرف پنکی کا برانڈ نیم ہی پھندا بنے گا، افریقی شہری بھی دھندے میں ملوث ہیں۔
شہرِ قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد خان کا کہنا تھا کہ پنکی کا کیس ہمارے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، ہم اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گا۔
انھوں نے کہا کہ ہم کیس میں صرف کراچی تک محدود نہیں، دیکھیئے گا پنکی کا برانڈ نیم ہی اس کا پھندا بنے گا، جو لوگ اس سے نشہ لے کر بیچتے تھے ان کو پکڑا ہے، ملزمہ کے سہولت کاروں کوبھی پکڑا جا رہا ہے، سچل میں پنکی کے پرانے گھر میں ریڈ کی، وہاں سے بھی منشیات مل گئی ہے، یہ منشیات باہر سے آتی تھی۔
آزاد خان کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات لی گئی ہیں، ملزمہ کی جانب سے3 کروڑ کی ٹرانزیکشن کی گئی ہے، اس نیٹ ورک میں افریقا کے لوگ بھی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ پنکی کیس سے متعلق ایف آئی اے اور سائبر کرائم کے ساتھ رابطہ کر لیا گیا ہے، کیس کی بڑے پیمانے پر تفتیش کی جاری ہے، ملزمہ انمول عرف پنکی کے موبائل سے 869 نمبر ملے ہیں جس میں سے 132 کراچی کے نمبر ہیں، یہ ہمارے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، ہر ملوث ملزم کے خلاف کارروائی ہوگی۔