سکیورٹی فورسزکو اہم کامیابی مل گئی، فتنہ الخوارج کا سرغنہ افغانی خارجی بصیر جہنم واصل
راولپنڈی:(دنیا نیوز) فتنہ الخوارج کا اہم سرغنہ افغانی خارجی بصیر سکیورٹی فورسز سے مقابلے کے دوران جہنم واصل ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے سارا نان کےعلاقےارجم کلی میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم افغانی کمانڈر بصیر کو ہلاک جبکہ اُس کے افغانی ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا
اِسی طرح سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر فتنہ الخوارج کے کمانڈر خارجی بصیر کو شعبان کے علاقے سے ٹریس کیا، ہلاک ہونے والا خارجی بصیر افغانی خارجی کمانڈر نور اللہ کا بیٹا تھا جو سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں کا منصوبہ ساز رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ خارجی بصیر شعبان کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والی تشکیل کا آپریشن کمانڈر بھی تھا، اِس سے پہلے رواں سال 22فروری کو خارجی بصیر کی نگرانی میں فتنہ الخوارج کے 5 خودکش بمباروں پر مشتمل ایک گروہ کو پشین میں سکیورٹی فورسز نے جہنم واصل کیا تھا۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ خارجی بصیر کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے، آپریشن عزم استحکام کے تحت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔