پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس، وزارت داخلہ میں پرچم کشائی تقریب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر وزارتِ داخلہ میں خصوصی پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

‎وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، ‎تقریب میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ایڈیشنل سیکرٹری اور وزارت داخلہ کے افسران اور حکام نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔

‎اس سلسلے میں پاک سیکرٹریٹ آر بلاک میں دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے، ‎تقریب میں پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر شرکاء کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر کڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا، ‎اس مثالی دوستی کو ہم آگے بڑھائیں گے۔

طلال چودھری نے کہا کہ ‎مسلم لیگ ن کے ادوارِ حکومت میں ہمیشہ پاک چین دوستی پروان چڑھی ہے، ‎سی پیک منصوبہ، اور جہاز سازی کے شعبہ میں تعاون پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری کی روشن مثال ہے۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ ‎پاکستان اور چین کی دوستی کو دنیا کے سامنے ایک مثالی اور قابل تقلید ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا، ‎تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کی جانب سے یادگاری پودا بھی لگایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں