درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، پنجاب میں 25 سے 31 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یارخان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل اور ساہیوال میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز و ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نےکہا کہ رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے، گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ موجود ہے، شہری صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں اور زیادہ پانی پئیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے ہیٹ ویو سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں اور ہائیڈریٹ رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کاشتکاروں کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات اور ریسکیو 1122 کو ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
عمر جاوید نے شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، ORS اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک ہوں گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔