پاکستان کی سول و عسکری قیادت کی ثالثی کی کوششیں قابل قدر ہیں: ایرانی سفیر
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کی ثالثی کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
ایکس پر جاری بیان میں رضا امیری مقدم نے کہا کہ چند منٹ قبل، پاکستان کے معزز وزیرِ داخلہ، میرے عزیز بھائی عزت مآب محسن نقوی صاحب نے تہران سے واپسی کے بعد میرے ملک کے حکام کے ساتھ مذاکرات کی کامیابیوں پر مجھے مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ محتاط امید کے ساتھ ہم یہ توقع کر سکتے ہیں کہ اگر دوسرا فریق مناسب عزم و وابستگی کا مظاہرہ کرے تو ایک مثبت پیشرفت شکل اختیار کر رہی ہے، جو اسلامی جمہوریہ ایران کے وقار پر مبنی مؤقف، بہادر مسلح افواج کی ثابت قدمی، دلیر ایرانی قوم کی مزاحمت، اور پاکستانی ثالثی کی مخلصانہ اور انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔
— Reza Amiri Moghadam (@IranAmbPak) May 23, 2026
ایرانی سفیر نے کہا کہ مجھے امید ہے معزز حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان، بالخصوص عزت مآب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس، ثالثی کے اس اقدام میں، اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ عزت مآب محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ عزت مآب محسن نقوی کی مخلصانہ سفارتی کوششیں، خطے میں دیرپا امن کا باعث بنیں گی۔
رضا امیری مقدم کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنی جانب سے ان سب معزز شخصیات کا ان کی خلوصِ نیت پر مبنی کاوشوں کیلئے دلی اور مخلصانہ شکریہ ادا کرتا ہوں۔